بھارتی اینکرز اور تجزیہ کار کینیڈا پر ایٹمی حملے کی دھمکیاں دینے لگے

کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے بھارت کو خالصتان تحریک کے سرکردہ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا ذمہ دار قرار دینے پر بھارتی میڈیا ہوش و حواس کھو بیٹھاہے۔ بھارتی ٹی وی چینلز پر موجود اینکرز اور تجزیہ کار کینیڈا پر ایٹمی حملے کی دھمکیاں دینے تک پر اتر آئے ہیں۔ بھارتی ٹی وی چینل پر تجزیہ کار کہنا ہے کہ جسٹن ٹروڈو تم کیاہو؟ 10 بھارتی آبدوزیں جائیں گی اورکینیڈاکو نیوک کردیں گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب بھارتی حکومت اس محاذ آرائی کو منطقی انجام تک پہنچائے۔ خیال رہے کہ خالصتان کے حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو 18 جون کو کینیڈا کے شہر سرے میں گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا تھا۔ 18 ستمبر کو پہلی بار کینیڈا کی حکومت نے اس قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ اس موقع پر جسٹن ٹروڈو نے کہا تھا کہ کینیڈین انٹیلی جنس نے ہردیپ کی موت اور بھارتی حکومت کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ جی 20 اجلاس میں بھارتی وزیراعظم مودی کے ساتھ اٹھایا تھا، کینیڈین سرزمین پرشہری کے قتل میں غیرملکی حکومت کا ملوث ہونا ہماری خودمختاری کیخلاف ہے۔ کینیڈا نے بھارت کے سفارتکار پون کمار رائے کو ملک بدر کرنے کا حکم دیا ہے اور میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کینیڈا سے نکالا گیا بھارتی سفارت کار ’’را‘‘ کا سربراہ ہے۔ کینیڈا کی جانب سے اعلان کے بعد بھارتی وزارت خارجہ نے کینیڈین ہائی کمشنر کو طلب کیا اور جوابی اقدام میں بھارت میں کینیڈا کے سفارتکار کی ملک بدری کے فیصلے سے آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں