وطن واپسی پر نواز شریف کے ساتھ آئین و قانون کے مطابق سلوک ہوگا

نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف اس ملک کی عدالت اور اس وقت کی حکومت کی اجازت سے ملک سے باہر گئے ، وہ جب تشریف لائیں گے تو ملک کے آئین و قانون کے حساب سے ان کے ساتھ سلوک ہوگا۔

کراچی پریس کلب کے دورہ کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محترم نواز شریف صاحب تین مرتبہ اس ملک کے وزیر اعظم رہے ہیں، وہ ایک بہت بڑی سیاسی جماعت کے قائد ہیں، وہ جیل کی دیواریں توڑ کر لندن نہیں گئے تھے، اس ملک کی عدالت اور اس وقت کی حکومت کی اجازت سے باہر گئے تھے، وہ جب تشریف لائیں گے تو جو ملک کے آئین اور قانون کے حساب سے ان کے ساتھ سلوک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ جب وہ تشریف لائیں گے تو اس سے پہلے وہ کوئی حفاظتی ضمانت لیں گے یا نہیں، میرے علم میں نہیں ہے کہ وہ کس عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے، کیا وہ اپنی سزا کی معطلی کے لیے کوئی درخواست دیں گے، مجھے نہیں معلوم کہ عدالت کیا فیصلہ کرے گی، یہ ایسے سوالات ہیں جن کا جواب نگران حکومت نے نہیں دینا۔ بلکہ اس سوال کا جواب نواز شریف نے خود دینا ہے یا پھر اس کا جواب ملک کے آئین اور قانون کے نظام نے دینا ہے ، میں اس پر مزید قیاس آرائی نہیں کروں گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں