جزیرے کے ساحل پر 55 وہیل مچھلیاں مردہ پائی گئیں۔

اسکاٹ لینڈ میں لیوس کے جزیرے کے ساحل پر 55 پائلٹ وہیل مچھلیاں ریت پر مردہ پائی گئیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 15 زندہ مچھلیوں کو ابتدائی طبی امداد دینے اور دوبارہ سمندر میں بھیجنے کی کوشش کی گئی، لیکن خراب موسم اور کھردرے ساحل کی وجہ سے ناکامی ہوئی۔ چنانچہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ ان کو تکلیف سے بچانے کے لیے فلاحی بنیادوں پر موت کے گھاٹ اتار دیا جائے۔ پائلٹ وہیل اپنے مضبوط سماجی رشتوں اور بندھن میں خاصی مشہور ہیں، اگر کوئی ایک مچھلی کسی مشکل کا شکار ہوتی ہے تو باقی تمام مچھلیاں بھی اس کے پیچھے آتی ہیں۔ خیال کیاجا رہا ہے کہ کوئی ایک مادہ وہیل بچے کو جنم دینے کے باعث بیمار ہوکر ساحل پر آگئی، جبکہ باقی تمام نے بھی اس کی پیروی کی۔اس سے قبل برطانیہ میں سب سے زیادہ تعداد میں 126 وہیل مچھلیوں کے مرنے کا واقعہ 1927ء میں پیش آیا تھا۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سائنسدانوں کی ایک ٹیم اب مچھلیوں کا پوسٹ مارٹم کرکے ان کی موت کی وجوہات جاننے کی کوشش کرے گی۔ ان مچھلیوں کو اب سٹورنوے کے ایک لینڈ فل میں منتقل کیا جا رہا ہے جہاں تحقیقات کے بعد ان کو واپس سمندر برد کر دیاجائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں