BJP protests outside Pakistan High Commission

بلاول بھٹو کا نریندر مودی کے خلاف بیان: بی جے پی کا پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی طرف سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ’’گجرات کا قصائی‘‘ کہنے پر ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنان کا دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر شدید احتجاج کیا۔ بھارتی نشریاتی ادارے ’’انڈیا ٹوڈے‘‘ کی رپورٹ کے مطابق حکمراں جماعت بی جے پی کے کارکنان نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے قریب جمع ہوئے جہاں انہوں نے ’’پاکستان ہائے ہائے‘‘ اور ’’بلاول بھٹو، معافی مانگو‘‘ کے نعرے لگائے۔ رپورٹ کے مطابق دہلی پولیس نے مظاہرین کو ہائی کمیشن کی طرف بڑھنے سے روکنے کے لیے رکاوٹیں قائم کردیں تھیں، تاہم مظاہرین نے رکاوٹوں کا پہلا حصہ عبور کرکے ہائی کمیشن کی طرف مارچ کرنا شروع کردیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے مظاہرین کو دوسری رکاوٹ پر روک لیا جبکہ وہاں واٹر کینن بھی رکھے گئے تھے اور پولیس نے کچھ بی جے پی اراکین کو بھی گرفتار کرلیا۔
واضح رہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ اسامہ بن لادن تو مر چکا ہے مگر گجرات کا قصائی زندہ ہے اور وہ بھارت کا وزیر اعظم ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں