پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی تقریب آج جی ایچ کیو میں ہوگی

پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی تقریب آج جی ایچ کیو میں ہوگی۔جنرل قمر جاوید باجوہ کمان جنرل عاصم منیر کے حوالے کریں گے۔

(ویب ڈیسک) پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی تقریب آج جی ایچ کیو میں ہوگی۔ سبکدوش ہونے والے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ چھ برس بعد پاک فوج کی کمان نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے حوالے کریں گے۔ جنرل عاصم منیر پاکستان کے سترہویں چیف آف آرمی اسٹاف کا چارج سنبھالیں گے۔ تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام شریک ہوں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کے سولہویں سربراہ کے طور پر 6 سال تک خدمات انجام دیں۔ اس سے قبل راولپنڈی کور کی کمانڈ سمیت کئی اہم عہدوں پر تعینات رہے۔ بطور سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے ضرب عضب کی کامیابیوں کو تقویت دینے کیلئے آپریشن ردالفساد شروع کیا جس سے دہشتگرد گروپوں کے سلیپر سیلز اور سہولت کاروں کا خاتمہ ممکن ہوا۔

نئے آرمی چیف کے لئے نامزد سید عاصم منیر کا عسکری سفر

حافظ سید عاصم منیر نئے آرمی چیف تعینات کئے گئے ہیں، انہوں نے فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی 23ویں بٹالین میں کمیشن حاصل کیا اور اپنے سفر کا آغاز کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر احمد شاہ ہلال امتیاز ملٹری ایک تھری اسٹار رینک کے جنرل ہیں، جو پاکستان آرمی میں کوارٹر ماسٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سید عاصم منیر اس وقت پاکستان کے اگلے آرمی چیف بننے والے جرنیلوں کی فہرست میں سب سے سینئر افسر ہیں۔ وہ اعزازی تلوار بھی حاصل کر چکے ہیں۔ سید عاصم منیر منگلا میں آفیسرز ٹریننگ سکول کے 17ویں کورس سے ہیں۔ انہوں نے فرنٹیئر فورس رجمنٹ کی 23ویں بٹالین میں کمیشن حاصل کیا۔ انہیں ستمبر 2018ء میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی اور بعد ازاں ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔ اس سے قبل ملٹری انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ سید عاصم نصیر کو مارچ 2018ء میں ہلال امتیاز سے نوازا گیا تھا۔ وہ اس سے قبل پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں تعینات فوجی دستوں کے کمانڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے 16 جون 2019ء کو لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے ساتھ تبدیل ہونے تک آئی ایس آئی کے 23ویں ڈائریکٹر جنرل کے طور پر خدمات انجام دیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں