آج سے کراچی ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2022 کا آغاز ہوگیا

ملک کی سب سے بڑی دفاعی نمائش کی میزبانی کے لیے کراچی کا انتخاب ہوا، 11ویں آئیڈیاز 15 سے 18 نومبر تک منعقد کی جارہی ہے جو خطے میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کا سب سے بڑا فورم بن گیا ہے۔ آئیڈیاز میں اسلحے کی صنعت سے متعلق مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں اور ڈیلرز کو اپنی مصنوعات اور خدمات کو اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے، یہی نہیں بلکہ یہاں دفاعی پیداوار سے متعلق مشترکہ منصوبے، آوٹ سورسنگ اور تعاون پر تبادلہ خیال کے مواقع بھی موجود ہوتے ہیں۔

آئیڈیاز 2022ء ایسے وقت میں منعقد ہورہی ہے جب دنیا میں سیاسی، تجارتی اور دفاعی سطح پر نئے بلاک ابھر رہے ہیں۔ امریکا اور چین کے درمیان تجارتی کشمکش، جنوبی بحیرہ چین میں کشیدگی اور پھر اس سال یوکرین پر روسی حملے نے ایشیائی خطے کے ساتھ ساتھ یورپ میں بھی سلامتی کے خطرات کو بڑھا دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا میں اس وقت دفاعی اخراجات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ڈیفنس پرموشن آرگنائزیشن (ڈیپو) میجر جنرل عارف ملک ہلال امتیاز (ملٹری) کا کہنا تھا کہ ’آئیڈیاز دراصل دفاعی سفارتکاری کا ایک بڑا اور اہم موقع ہوتا ہے، یہ نمائش عالمی برادری کے سامنے پاکستان کو ایک جدید، ترقی یافتہ اور پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھنے والی ریاست کے طور پر اجاگر کرنے کا بھی موقع فراہم کرتی ہے، اس سال 106 ممالک کو آئیڈیاز میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ہے جن میں آسٹریا اور رومانیہ پہلی مرتبہ شریک ہوں گے‘۔ اس سال کے سمینار کا موضوع دفاعی شعبے میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس ہے، اس ٹیکنالوجی سے دفاعی شعبے میں ایک کلیدی تبدیلی ممکن ہے، اس سیمنار میں وزرا، وزارتِ دفاع کے اعلٰی حکام، دفاعی ٹیکنالوجی سے متعلق ادارے، اس شعبے کی تدریس سے متعلق افراد، محققین اور دفاعی تجزیہ کار شرکت کررہے ہیں۔ اس سیمنار میں پاکستانی جامعات کے 6 مقالے بھی پیش کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں