فیشل اسپرے

زندگی کے ہنگاموں میں جہاں وقت کی قلت ہے وہاں مہنگائی نے بھی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ بجٹ اور وقت کی قلت کے باعث خواتین بیوٹی پالرنہیں جا پاتیں تو ایسے میں آپ گھر پر ہی فیشل کے فوائد حاصل کر سکتی ہیں، جس سے آپ کا چہرہ تروتازہ ہو جائے گا۔ کیمیکل سے پاک فیشل اسپرے کے یہ طریقے آپ کی جلد کی اقسام کے لحاظ سے تیار کیے گئے ہیں۔

چکنی جلد کے لئے:

جن خواتین کی جلد چکنی ہوتی ہے ان کے لئے اینٹی بیکٹیریل لونگ کا تیل مفید ہے۔ نیم کے پتے چار کپ پانی میں ڈال کر اتنا اُبالیں کہ پانی ایک چوتھائی رہ جائے پھر اس پانی کو چھان کر ٹھنڈا کر لیں اس کے بعد اس میں چار قطرے لونگ کا تیل شامل کر دیں یہ چکنائی کو کنٹرول کرنے ساتھ اینٹی ایکنی اور اینٹی بیکٹیریل ہے، جب یہ مرکب تیار ہو جائے تو اس کو اسپرے بوتل میں ڈال کر چہرہ صاف کریں۔

ملی جلی جلد کے لئے:

نارنگی کے سوکھے چھلکے ایک لیٹر پانی میں ڈال کر اتنا اُبالیں کہ پانی ایک چوتھائی رہ جائے۔ اب اسے چھان کر ٹھنڈا کر لیں جب ٹھنڈا ہو جائےتو اس میں پیپر منٹ منٹ اسینس آئل کی تھوڑی سی مقدار شامل کر دیں پھر اس کو اسپرے بوتل میں بھر لیں اور حسبِ ضرورت استعمال کریں پیپر منٹ آپ کی جلد ٹائٹ کر دے گا اور پورا دن تازگی بھرا ہو جائے گا۔

نارمل جلد کے لئے:

آدھا لیٹر پانی لے کر اس میں مٹھی بھر چنبیلی کے پھول ڈال کر اُبال لیں ایک چوتھائی رہ جائے تو چھان کر فریج میں ٹھنڈا کر لیں پھر اس میں تھوڑا سا نارنگی کا تیل ملا لیں اور حسبِ ضرورت چہرےپر چھڑک لیں یہ آپ کو تازہ دم رکھے گا۔

خشک جلد کے لئے:

خشک جلد کے لئے گیندے کے تیل اور عرقِ گلاب کا استعمال مناسب ہے اس مقصد کے لئے گلاب کی پتیاں ایک بڑے پیالے میں ڈال کر پانی میں بھگو لیں رات بھر پانی میں پڑا رہنے دیں صبح کو پتیاں نکال کر پانی کو اتنا اُبالیں کہ ایک چوتھائی رہ جائے اب اس میں گیندے کا تھوڑا سا تیل ڈال دیں اور اسپرے بوتل میں بھر لیں یہ جلد کو نم کر دے گا اور جلد نرم و ملائم ہو جائے گی۔

حساس جلد کے لئے:

حساس جلد کے لئے ایلوویرا سے بہتر کوئی چیز نہیں۔ پانی میں پودینے کے پتے رات بھر کے لئے بھگو دیں صبح اُبال کر ایک چوتھائی مقدار کر لیں اب اس میں ایک چمچہ ایلوویرا کا رس شامل کر لیں اور اسپرے کی بوتل میں بھر لیں یہ فری ریڈیکلز سے بچائے گا زائد عمر کی خواتین کی جلد کو نرم و ملائم کرنے میں اس اسپرے کا جواب نہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں