گھریلو ٹوٹکے آزمائیں، پارلر سے جان چھڑائیں

پالر جانے کی ضرورت نہیں۔ گھر بیٹھے جلد کی حفاظت اور نکھار کے لئے نئے طریقے

رب تعالیٰ نے خواتین کو حسن سے نوازا تو اس کی آرائش کا شعور بھی عطا کیا، شاید اسی لئے خواتین حسن کو نکھارنے کے لئے نت نئے طریقے اپناتی ہیں۔ بیوٹی پالر کے رجحان میں بھی خاصا اضافہ ہو چکا ہے، لیکن جو خواتین ان مہنگے مہنگے پالروں میں جانے کی استطاعت نہیں رکھتی یا جانا نہیں چاہتیں، ان کے لئے ان کا کچن ہی کافی ہے، جہاں آپ کی جلد کی حفاظت اور آپ کی رنگت کو نکھارنے کا سب سامان موجود ہے۔ موسم چونکہ انسانی جلد پر براہِراست اثرانداز ہوتے ہیں، اسی لئے موسم گرما کی تیز دھوپ، گرمی اور لو سے جلد بہت زیادہ متاثر ہوتی ہے اور اگر جلد کی حفاظت نہ کی جائے تو جلد کی تروتازگی اور شادابی ماند پڑ جاتی ہے، جیسے دھوپ کی تمازت سے چہرہ جھلس جاتا ہے، رنگ کالا ہو جاتا ہے، چہرے پر دانے بن جاتے ہیں، چکنائی بڑھ جاتی ہے۔ پسنہ زیادہ آنے سے جلد کے مسام کھل جاتے ہیں، جن میں دھول ،مٹی اور میل کچیل جمع ہو جاتی ہے، جو کئی جلدی بیماری کا باعث بنتی ہیں۔
گرم موسم میں جلد کی حفاظت کے لئے سب سے زیادہ ضروری پانی کا متوازن استعمال ہے، اس کے بعد چہرے کو دھوپ سے بچائیں اور جب بھی باہر نکلیں تو چھتری لے کر ہی نکلیں۔ چہرے، گردن، ہاتھ اور پاؤں وغیرہ پر سن بلاک وغیرہ لگائیں اور اپنی غذا میں موسمی پھل اور سبزیاں بھی ضرور شامل کریں، جبکہ غیر معیاری مشروبات کا استعمال ترک کر دیں اور ان کی جگہ تازہ پھلوں کا جوس پئیں۔

چہرے کی حفاظت کے لئے

چہرے پر پسی ہوئی جئی ملنے سے جلد پر میل اور جمی دھول مٹی صاف ہو جائے گی اور رنگت میں نمایاں نکھار محسوس ہو گا۔
چنے کی دال بھگو کر پیس لیں اور اس میں تھوڑا سا دودھ ملا کر اس یہ لیپ چہرے پر 15 سے 20 منٹ تک لگائیں اور پھر تازہ پانی سے چہرہ دھو کر خشک کر لیں۔ یہ عمل روزانہ دھرائیں، خیال رہے روزانہ تازہ لیپ ہی تیار کریں۔
دس بادام، ایک چٹکی ہلدی اور تھوڑے سے چاول پیس لیں، پھر تینوں کو ملا کر دودھ شامل کر دیں اور گاڑھا سا لیپ بنا کر چہرے پر لگائیں۔
حسبِ ضرورت شلجم اور گاجر پانی میں اُبال کر ٹھنڈے ہونے پر ہاتھوں سے مسل لیں اور یکجان آمیزہ چہرے، ہاتھوں اور گردن پر آدھے گھنٹے کے لئے لگا کر رکھیں پھر روئی کو دودھ میں بھگو کر جلد صاف کر لیں، اس عمل سے بھی جلد پر جمی میل اور دھول مٹی صاف ہو جاتی ہے۔

کھیرے کا فیشل

ایک کھیرا گرائنڈ کر کے اس میں ایک چمچ لیموں کا رس، چند پتے پودینہ ایک کھانے کا چمچ شہد، ایک انڈے کی سفیدی اور ایک کھانے کا چمچ عرقِ گلاب شامل کر کے اچھی طرح ہلائیں اور چہرے پر اس طرح لگائیں کہ آنکھوں والا حصہ محفوظ رہے۔ پچیس منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر سادہ پانی سے دھو لیں، ہفتے میں ایک دفعہ یہ عمل ضرور دہرائیں۔

جلد کی چکنائی دور کرنے کے لئے

ایک چمچ شہد، آدھا چمچ لیموں کا رس بیس منٹ تک چہرے پر لگائیں اور پھر منرل واٹر (آر۔ او فلٹریٹد) سے چہرہ دھو لیں۔
دو کھانے کے چمچ تلسی کے تازہ پتوں کے پیسٹ میں ایک کھانے کا چمچ عرق گلاب شامل کر کے چہرے پر لگائیں اور پندرہ منٹ کے بعد چہرہ تازہ پانی سے دھو لیں۔
دو مٹھی پاپ کارن میں آدھا کپ دودھ ملا کر پندہ منٹ تک بھگو دیں، اس کے بعد ہاتھوں سے مسل کر سخت زرے نکال دیں اور یہ پیسٹ چہرے اور گردن پر اچھی طرح لگائیں، خشک ہونے پر دھو کر صاف کر لیں۔
ایک انڈے کی سفیدی میں ایک چمچ دودھ ملاکر پندرہ منٹ تک چہرے پر لگائیں۔

بیسن کا ماسک

دو کھانے کے چمچ بیسن، ایک تہائی کھانے کا چمچ ہلدی، ایک کھانے کا چمچ دہی، آدھا کھانے کا چمچ لیموں کا رس اور آدھا کھانے کا چمچ شہد لے کر اچھی طرح مکس کر لیں اور چہرے پر لگا لیں، جب یہ ، جب یہ ماسک خشک ہو جائے تو ہلکے ہاتھ سے چہرے پر مساج کریں اور پھر پانی سے دھو کر صاف کر لیں۔ یہ ماسک ہفتے میں دو دفعہ استعمال کریں۔

دانوں سے نجات کے لئے

دن میں ایک مرتبہ چہرے پر کھیرے، ٹماٹر یا پودینے کا رس لگائیں، اس کے باقاعدہ استعمال سے جلد صاف ہو جائے گی۔
دو چمچ سیب کے گودے میں آدھا چمچ دودھ اور ایک چمچ شہد ملا کر چہرے پر بیس منٹ تک لگائیں، دانے اور داغ دھبے دور ہو جائیں گے۔
برف کا ایک ٹکڑا ململ کے کپڑے میں لپیٹ کر چہرے پر لگائیں۔

ہونٹوں کی دلکشی کے لئے

ہونٹوں کو نرم و ملائم رکھنے کے لئے رات کو سوتے وقت بادام یا زیتون کا تیل استعمال کریں۔
دیسی موم میں لیموں کا رس ملا کر ہونٹوں پر لگائیں۔
بادام یا زیتون کے تیل میں شہد ملا کر لگائیں۔
عرق گلاب میں گلیسرین ملا کر دن میں دو مرتبہ لگائیں، تازہ دودھ کی جھاگ بھی ہونٹوں پر ملنے سے ہونٹ گلابی ہو جاتے ہیں۔
ہونٹوں کی سیاہی دور کرنے کے لئے انگور یا چکوترے کا رس پسی ہوئی دارچینی میں ملا کر لگانے سے رنگت بدل جاتی ہے۔
گلاب کی پتیاں پیس کر انہیں دودھ میں ملا کر ہونٹوں پر لگائیں۔
ہونٹوں کو پھٹنے سے بچانے کے لئے دودھ یا بالائی لگائی جا سکتی ہے۔

چہرے کے داغ دھبوں کے لئے

پسے ہوئے لیموں کے چھلکے دودھ میں ملا کر رات کو لگائیں اور صبح تازہ پانی سے چہرہ دھو لیں۔
بالائی میں لیموں کا رس ملا کر چہرے پر لگائیں اور یہ عمل ہفتے میں دو بار دہرائیں۔
تازہ دودھ میں چند قطرے گلیسرین ڈال کر چہرے پر لگانے سے نہ صرف داغ دھنے دور ہوتے ہیں، بلکہ چہرے پر تازگی اور نکھار بھی آتا ہے۔
مولی کے بیچ پیس کر رکھ لیں، انہیں روزانہ تھوڑے سے دہی میں ملا کر چہرے پر لگانے سے چند دنوں میں واضح فرق محسوس ہو گا۔

آج کل لڑکیوں کو تصویریں بنانے کا شوق بھی بہت ہے۔ یہ بھی درست ہے کہ اگر مہارت سے میک اپ نہ کیا جائے تو ہر کسی کی تصویر اچھی نہیں آتی، تاہم سب سے پہلے تو آپ اپنی جلد کی حفاظت کریں تا کہ داغ دھبے یا دانے وغیرہ ختم ہوں، البتہ اگر ایکنی کا مسئلہ ہو تو چہرے کے ان حصوں پر Concealer لگا کر انہیں چھپایا جا سکتا ہے۔ Concealer کے عموماً 6 مختلف شیڈز ہوتے ہیں، اگر چہرے پر نشان زیادہ ہوں تو Concealer کے 3 یا 4 شیڈ استعمال کئے جاتے ہیں تاکہ تصاویر میں داغ دھبوں کے نشان واضح نہ ہوں۔ اس کے بعد اپنی قدرتی رنگت کے مطابق 1 یا 2 شیڈ گہری بیس استعمال کریں۔ خیال رہے اگر آپ کی جلد خشک ہے تو Liquid Base اور Oily Skin ہے تو “Matte” یا “Water Base” استعمال کریں۔ بیس کا ستعمال صرف چہرے پر ہی نہیں، بلکہ Neckline پر آگے اور پیچھے کی طرف بھی کیا جاتا ہے۔ اسی طرح اگر آپ Three Quarter Sleeves یا Sleeveless شرٹ پہن رہی ہیں تو ہاتھوں کے ساتھ ساتھ بازوؤں پر بھی بیس لگائیں تاکہ جلد کا تاثر یکساں رہے۔

فیس کونٹورنگ (Face Contouring)

اپنی اصل عمر ظاہر نہ کرنا خواتین کی فطری کمزوری ہے، اس لئے ہر عورت کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنی عمر سے چھوٹی نظر آئے، لیکن بعض خواتین کے چہرے کی بناوٹ اور خدوخال ایسے ہوتے ہیں کہ وہ کم عمر ہونے کے باوجود بڑی لگنے لگتی ہیں اور ایسے میں اپنی تصویریں دیکھ کر پریشان ہونا بھی فطری سی بات ہے۔ اسی مقصد کے لئے Contouring کی جاتی ہے، تا کہ آپ کے خدوخال کو خوبصورتی سے ابھارا جا سکے۔ عام طور پر Contouring Stick اور Contouring Powder استعمال ہوتا ہے۔ چہرے کو پتلا اور لمبا ظاہر کرنے کے لئے Cheeks یعنی رخساروں سے لے کر Jawline کی طرف دو لائنیں لگائیں اور پھر اسے نرمی سے جذب کریں، تا کہ ناک پتلی اور لمبی نظر آئےاور اگر پاتھا زیادہ چوڑا ہے تو بالوں کے ساتھ ساتھ اور آنکھوں کے نیچے بھی Contouring کر لیں۔ Contouring کے ذریعے Double Chin کو بھی چھپایا جا سکتا ہے۔ اس کے لئے Neckline کی ہڈیوں پر Dark Color استعمال کریں۔ یاد رکھیں کہ Contouring Stick یا Powder عام بیس سے 6 یا 7 شیڈز ڈارک ہوتا ہے، اس لئے لائٹ براؤن یا میڈیم براؤن شیڈ میں ملتا ہے۔ آخر میں Fixer یا Loose Powder لگانا مت بھولیں۔

آئی میک اَپ (Eye Makeup)

آئی میک اپ کرتے ہوئے اکثر خواتین آئی برو کو نظر انداز کر دیتی ہیں، چنانچہ آئی برو سے ہی میک اپ شروع کریں۔ سب سے پہلے یہ دیکھیں کہ آپ کی آئی برو Shape درست ہے یا نہیں؟ پھر آئی برو پنسل سے بھنوؤں کو نسبتاً گہرا کر لیں، ورنہ تصویروں میں بیس کی وجہ سے سفیدی سی محسوس ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ اگر اضافی بال ہوں تو Tweezer یا دھاگے سے نکال لیں، تا کہ آئی برو Neat لگیں۔ آئی میک اپ کرتے ہوئے اسٹائل اور شیڈز کا انتخاب فیشن ٹرینڈ کے مطابق کریں۔ ویسے آج کل Dark میک اپ آوٹ ہو چکا ہےاور Soft آئی میک اپ زیادہ پسند کیا جا رہا ہے، سافٹ میک اپ سے اصل عمر چھپ جاتی ہے اور آپ زیادہ ینگ اور حسین نظر آتی ہیں، لیکن اگر آپ کی آنکھیں زیادہ چھوٹی ہیں یا آنکھوں پر لائنیں نمایاں ہوتی ہیں تو ڈارک میک اپ زیادہ موزوں ہے۔ اگر آپ سافٹ میک اپ کرنا چاہتی ہیں تو پھر Nude اور لائٹ شیڈ سے آنکھوں کو نمایاں کریں، مثلاً Peach اور Blue کے تمام شیڈدن کے وقت اچھے لگتے ہیں، جبکہ شام کی تقریبات کے لئے Pink اور Dull Golden وغیرہ کا انتخاب کریں۔ ویسے اب Eye Liner کی بجائے Eye Pencil زیادہ پسند کی جاتی ہے، کیوں کہ اس سے Smudging بہتر ہوتی ہے۔ آنکھوں کے اندر کاجل کی بجائے White Gel Pencil یا Nude Gel Pencil بھی خاصی مقبول ہے، اس سے آنکھوں میں چمک آ جاتی ہے۔

بلش آن (Blush On)

برش کی مدد سے رخساروں کو نمایاں کرنے کے لئے پنک، پیچ یا اورنج شیڈمیں ہلکا سا بلش آن لگائیں، Cheeks کو Glow کرنے کے لئے Highlighting Powder یا Bronzing Powder رخساروں کے علاوہ Neckline اور بازوؤں پر بھی لگایا جا سکتا ہے۔

لپ کلرز (Lip Colors)

آج کل Glossy کی بجائے Semi Matte اور Matte Lip Colors اِن ہیں۔ لپ اسٹک لگانے کے لیے پہلے لپ پنسل سے ہونٹوں کی شیپ بنا لیں، لپ پنسل کا شیڈ آپ کی لپ اسٹک کے شیڈ سے ایک شیڈ گہرا ہونا چاہئے۔ آج کل Candy Pink اور Coral Shades بہت مقبول ہیں۔ اورنج اور پیچ کا ملا جلا شیڈ کور کہلاتا ہے اور گوری رنگت والی خواتین پر بہت جچتا ہے، اسی طرح سانولی خواتین کو Redکے ساتھ ساتھ Maroon اور Magenta Maroon لپ کلرز بھی بہت سوٹ کریں گے۔ اس کے علاوہ گوری رنگت ہی نہیں، سانولی خواتین بھی پنک کے تمام شیڈز استعمال کر سکتی ہیں اور اگر آپ چاہیں تو Hot Pink اور Fresh Pink بھی استعمال کر سکتی ہیں۔

ہیئر اسٹائل (Hair Style)

اچھی تصویروں کے لیے محض اچھا میک اپ ہی نہیں، بالوں کو سلیقے سے سنوارنا بھی ضروری ہے۔ ہیئر اسٹائل کا انتخاب ہمیشہ چہرے کی بناوٹ کے مطاق کریں، اگر آپ کا چہرہ چوڑا ہے تو سیدھی مانگ نکالیں چوڑے چہرے پر سیدھے یعنی Straight Hair اچھے لگیں گے، اس سے چہرہ لمبا اور پتلا دکھائی دیتا ہے اور جن خواتین کا چہرہ لمبا اور پتلا ہوتا ہے وہ Blow Dry, Curls, Messy Braid, Side Sun اور Layers Hair Cut میں زیادہ جچیں گی، ویسے ایسی خواتین Blow Dry کے ساتھ بالوں کو ایک طرف بھی رکھ سکتی ہیں۔ یاد رکھیں لمبے چہرے پر نیٹ ہیئر اسٹائل اچھا نہیں لگتا۔ بالوں کو سجانے کے لئے پھول اور پرلز بھی لگائے جا سکتے ہیں، ویسے اگر آپ کا ماتھا زیادہ چوڑا ہے تو آپ Shaggy Hair Cut بھی کروا سکتی ہیں۔
لپ اسٹک لگانے کے لیے پہلے لپ پنسل سے ہونٹوں کی شیپ بنا لیں، لپ پنسل کا شیڈ آپ کی لپ اسٹک سے ایک شیڈ گہرا ہونا چاہئے۔
میک اپ اور اسٹائلنگ مکمل کر کے آئینے کھڑی ہو جائیں، پھر سر سے لے کر پاؤں تک اپنا مکمل جائزہ لیں اور خود اندازہ لگائیں کہ آپ کیسی لگ رہی ہیں؟ ویسے میک اپ کا جائزہ لینے کے لئے آپ اپنی سیلفی لے کر بھی دیکھ سکتی ہیں کہ آپ کی کونٹورنگ درست ہوئی ہے یا نہیں، چیکس زیادہ موٹی تو نہیں لگ رہیں، ماتھا زیادہ بڑا تو نہیں لگا رہا اور یہ بھی کہ چہرے کا رنگ جسم کے دوسرے حصوں سے منفرد تو نہیں۔اگر کہیں کوئی کمی محسوس ہو تو درست کر یں اور پھر جتنی چاہیں تصویریں بنائیں۔

نوٹ:
ہمیشہ برانڈڈ کاسمیٹکس ہی استعمال کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں