پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سکیورٹی سے مطمئن ہیں،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن(نیوزڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدا نت پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثوں کی سکیورٹی سے مطمئن ہیں،امریکا ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو اپنے مفادات کے لیے اہم سمجھتا ہے۔ ویدا نت پٹیل نے نیوز بریفنگ کے دوران مزید کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔پاکستان عالمی برادری سے اپنے معاہدے پورے کررہا ہے، امریکا ہمیشہ ایک محفوظ اور خوشحال پاکستان کو اپنے مفادات کے لیے اہم سمجھتا ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ طویل مدتی تعاون کی قدر کرتا ہے۔ ترجمان محکمہ خارجہ نے کہا کہ ’دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری ہے، پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حال ہی میں واشنگٹن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سیکریٹری انٹونی بلنکن سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے یاد دہانی کروائی کہ یو ایس ایڈ کے ایڈمنسٹریٹر سیم پاور کے علاوہ ڈیرک شولیٹ نے بھی سیلاب کے دوران کراچی اور اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ یاد رہے امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیموکریٹک کانگریشنل کیمپین کمیٹی میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے اپنی تقریر میں پاکستان کا حوالہ اس وقت دیا جب وہ روس، چین کے بارے میں گفتگو کر رہے تھے۔اس دوران جو بائیڈن نے الزام عائد کیا کہ میراخیال ہے پاکستان خطرناک ترین ممالک میں سے ایک ہے اور پاکستان کا ایٹمی پروگرام بے قاعدہ ہے اور اس بات کا خدشہ ہے کہ اسے کوئی بھی استعمال کرسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں