پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے 5 ہفتوں میں ریٹائر ہونے کا اعلان کر دیا۔

واشنگٹن (ویب ڈیسک) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ میں اپنی ملازمت میں مزید ایکسٹینشن نہیں لوں گا اور فوج نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سیاست میں کردار ادا نہیں کرے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آرمی چیف نے کہا ہے کہ فوج نے غیرسیاسی رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلح افواج خود کو سیاست سے دور کر چکیں ہیں اور دور ہی رہنا چاہتی ہیں، ملک کی بیمار معیشت کو بحال کرنا معاشرے کے ہر حصے دار کی ترجیح ہونی چاہیے۔ آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے ٹارگٹ حاصل نہیں کر سکے گی، مضبوط معیشت کے بغیر سفارت کاری نہیں ہو سکتی۔ پاکستانی سفارت خانے کی ظہرانے کی تقریب میں بڑی تعداد میں سفارت کاروں نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ایک ہفتے کے دورے پر امریکا میں موجود ہیں۔ جہاں وہ اب تک امریکا کے وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن، قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان اور نائب وزیرِ خارجہ وینڈی شرمین سے ملاقات کر چکے ہیں۔ امریکا میں جنرل قمر جاوید باجوہ کو خصوصی گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کا بیان ایک ایسے موقع آیا ہے جب الیکشن کمیشن نے چیئرمین عمران خان کو توشہ خانہ ریفرنس میں مالی اثاثے چھپانے سے متعلق مقدمے میں نااہل قرار دیا۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ آرمی چیف نے اپنی ایکسٹیشن کے حوالے سے واضح بیان دیا ہو بلکہ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر ایکسٹینشن نہ لینے کا اعلان کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں