ایلون مسک پرفیوم بیچ کر ٹوئٹر خریدنے کے خواہاں

ایلون مسک نے اپریل 2022 ٹوئٹر کو 44 ارب ڈالر میں خریدنے کا معاہدہ کیا تھا، جس کے بعد وہ مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ کو خریدنے کے معاہدے سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔ ایلون مسک کے پیچھے ہٹنے پر ٹوئٹر نے ان کے خلاف امریکی عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ دنیا کے امیر ترین شخص کو پابند کیا جائے کہ وہ مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ خریدے۔

 حال ہی میں ایلون مسک نے ٹوئٹر منتظمین کو دوبارہ خط بھیج کر مائکرو بلاگنگ ویب سائٹ خریدنے کی یقین دہانی کروائی تھی اور انہوں نے یہ خط ایسے وقت میں لکھا ہے جب کہ ان کے خلاف ٹوئٹر کی درخواست پر جلد سماعتیں ہونے والی ہیں۔ لیکن اب ایلون مسک نے ایک اور چال چلتے ہوئے دنیا بھر کے لوگوں کو اپیل کی ہے کہ وہ ان کا بنایا گیا نیا پرفیوم خریدیں، تاکہ وہ اس سے حاصل ہونے والی کمائی سے ٹوئٹر خریدے۔

 ایلون مسک نے 13 اکتوبر کو اپنی ٹوئٹ میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ان کا متعارف کرایا گیا پرفیوم خریدیں تاکہ وہ اس سے حاصل ہونے والے پیسوں سے ٹوئٹر کو خریدیں۔ ایلون مسک نے حال ہی میں ’برنٹ ہیئر‘ نامی پرفیوم متعارف کرایا ہے، جس کی قیمت 100 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، یعنی ان کا پرفیوم پاکستانی 21 ہزار روپے تک کا ہے اور اس کی آن لائن فروخت کی جا رہی ہے۔ دنیا کے امیر ترین شخص کی جانب سے اپنے پرفیوم کو خریدنے کی اپیل کی ٹوئٹ کے بعد لوگوں نے انہیں مزاحیہ جواب دیے اور لکھا کہ جس کے پاس 200 ارب ڈالر سے زائد کی دولت موجود ہے وہ 44 ارب ڈالر کا ٹوئٹر خریدنے کے لیے پرفیوم کی بوتل بیچ رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں