امریکا کا کاٹن سیڈ ٹیکنالوجی پاکستان کو ، بیف مارکیٹ تک رسائی دینے پر غور

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کو گوشت برآمد کرنے کے لیے اپنی بیف مارکیٹ تک رسائی دینے اور کاٹن سیڈ ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ امریکی سفیر نے وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ طارق بشیر چیمہ سے ملاقات کی اور اس دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے دیے جانے والے پیکج کے علاوہ وہ پاکستان اور امریکا کے درمیان زرعی تجارت کو فروغ دینے اور مزید مضبوط تعلقات استوار کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی سفیر نے کہا کہ امریکا پاکستان میں کپاس کے بیج کی اعلیٰ پیداوار والی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا خواہاں ہے۔ وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی طارق بشیر چیمہ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے امریکی سفیر کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور انہیں بتایا کہ حالیہ سیلاب کے باعث سندھ میں کپاس اور کھجور کی فصلیں سب سے زیادہ متاثر ہوئیں۔

طارق بشیر چیمہ نے زرعی شعبے میں پاک امریکا تعلقات اور تعاون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب اور بد ترین بارشوں کی وجہ سے پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد ہماری ترجیح جلد از جلد زیادہ سے زیادہ زرعی اراضی کو کاشت کے قابل بنانا اور بے گھر ہونے والے لوگوں کو ان کے گھروں میں دوبارہ آباد ہونے میں مدد دینا ہے۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکا کاربن کے اخراج کے خلاف مزاحمتی اور تخفیفی اقدامات کے ذریعے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بہت عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 سرفہرست ممالک میں شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا کہ امریکی عوام پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، امریکی حکومت پاکستان کے لیے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے امدادی پیکج میں اضافہ کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں