عمر کے ساتھ میک اپ کے بدلتے انداز

20 سے 30 سال کی عمر میں

عموماً کہا جاتا ہے کہ اس عمر میں آپ جیسے چاہیں، بنیں سنوریں، سب اچھا لگتا ہے۔ اس لیے چاہے کم میک اپ کریں یا زیادہ، ہلکا کریں ہا شوخ۔۔۔ آپ نمایاں ہی رہیں گی۔ عمر کے اس حصے میں جلد جوان اور حسین ہوتی ہے، آپ چاہیں تو ہر بار نیا انداز بھی اپنا سکتی ہیں، اگر آپ مکمل میک اپ نہ بھی کرنا چاہیں تو صرف شوخ لپ اسٹک لگا کر بھی پر کشش لگ سکتی ہیں۔ جونہی آپ 30 برس کے قریب ہوں تو نسبتاً ہلکے میک اپ شیڈز استعمال کریں، تاکہ آپ کی شخصیت میں بچوں جیسی خوبصورتی کا عنصر جھلکے، یعنی ان کا قدرتی تاثر ہو۔ ایسا نہیں کہ آپ عمر کے اس حصے میں تجربات نہیں کر سکتی، لیکن کوشش کریں کہ غیر نمایاں بیس یا فاؤنڈیشن استعمال کریں، جبکہ لپ اسٹک، بلش آن یا آئی شیڈ کے لیے پنک اور پیچ کلرز بہتر ہیں۔

30 سے 40 سال کی عمر میں

عمر کے اس حصے میں آپ کی شخصیت کا تاثر لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہو چکا ہوتا ہے، اس لیے نئے نئے تجربات سے گریز کریں، یعنی اگر آپ بہت زیادہ میک اپ کرنے کی عادی نہیں ہیں تو معمول سے ہٹ کر کوئی تجربہ نہ کریں اور اگر آپ مکمل میک اپ کرتی ہیں تو یہی انداز برقرار رکھیں۔ دراصل اس عمر میں شخصیت میں آنے والی پختگی چہرے کے تاثرات میں بھی جھلکتی ہے۔ اس لیے اگر آپ نسبتاً سنجیدہ مزاج ہیں تو قطعاً شوخ اور نمایاں میک اپ نہ کریں، تاکہ آپ کی شخصیت کا اندرونی اور بیرونی تاثر یکساں رہے، البتہ خاص خاص تقریبات کے لیے عام زندگی سے ہٹ کر میک اپ کے نئے انداز اپنانے میں کوئی حرج نہیں، کیوں کہ کبھی کبھار آنے والی تبدیلی اچھی لگتی ہے۔ ایسے موقعوں پر اگر آپ چاہیں تو ہلکا پھلکا شمر استعمال کر سکتی ہیں، تاکہ آپ کی آنکھوں کے نیچے بننے والی فائن لائنز پر نظر نہ ٹھہر سکے۔

40 سے 50 سال کی عمر میں

جونہی خواتین 40 کی دہائی میں داخل ہوتی ہیں تو ان کی جلد میں آنے والی تبدیلیاں واضح نظر آنے لگتی ہیں۔ کیوں کہ جلد میں قدرتی پروٹین کی مقدار کم ہو جاتی ہے، جس سے جلد ڈھلکنے لگتی ہے اور رنگ روپ ماند پڑ جاتا ہے، جھریاں اور لائنیں نمایاں ہو جاتی ہیں۔ بہتر ہے اس وقت آپ اینٹی ایجنگ کریمیں اور لوشن استعمال کرنے کے علاوہ جلد کی تازگی برقرار رکھنے کے لیے سپلیمنٹس بھی استعمال کریں، تاکہ جلد میں آنے والی بدنما تبدیلیوں کی رفتار کو سست کیا جا سکے۔ ویسے تو ہر عمر کی خواتین کو سن بلاک ضرور استعمال کرنا چاہئے، مگر 40 سال کے بعد ہرگز لاپرواہی نہ کریں۔ ایسا میک اپ کریں جس سے آپ کے چہرے کی تمام خدوخال نمایاں ہوں۔ مثلاً بھویں، ہونٹ اور پلکوں پر خاص توجہ دیں تاکہ آپ کے چہرے کا مجموعی تاثر خوشگوار لگے۔ اسی طرح جب آپ 40 کی دہائی کی آخری سالوں میں ہوں تو میک اپ میں مزید تجربات کرنے سے گریز کریں یعنی میک اپ کے وہی شیڈز استعمال کریں جو آپ پر جچتے ہوں۔ اس عمر میں گہرے اور شوخ رنگ ہرگز نہ لگائیں، بلکہ ہلکے اور غیر نمایاں شیڈز میں میک اپ کریں، تاکہ آپ فریش نظر آ سکیں۔

50 سے 60 برس کی عمر میں

آپ 50 برس کی ہو جائیں تو بہت زیادہ بیس استعمال نہ کریں، لیکن اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ آپ میک اپ کرنا ہی چھوڑ دیں۔ بہتر ہے اس عمر میں آپ مٹیلک شیڈز کو ترجیح دیں، آپ چاہیں تو میک اپ میں ہلکا پھلکا شمر بھی استعمال کرلیں۔ اس سے شخصیت میں سنجیدگی اور متانت بھی برقرار رہے گی۔ جھریاں اور لائنیں چھپانے کے لیے میک اپ کی بجائے پرل اور گلیٹر کا استعمال کریں، اس کے ساتھ ہی وقتاً فوقتاً ایسے فیس پاؤڈر بھی لازمی استعمال کریں، جس سے میک اپ کا تاثر یکساں ہو، مگر غیر معمولی حد تک نمایاں نہ ہو اور ایسی میک اپ پراڈکٹ استعمال کریں جس سے جلد کو برابر نمی ملتی رہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں