قدرتی میک اپ، قدرتی حسن

راز حسن:

خوبصورت چہرہ، نرم و ملائم شگفتہ جلد اور پر کشش لمبے گھنے سیاہ بال ہر عورت کی فطری خواہش ہوتی ہے، چاہے وہ قدیم زمانے کی عورت ہو یا پھر آج کے جدید دور کی عورت۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے تمام ممالک کی خواتین کی بے مثال خوبصورتی کا راز ان کے صدیوں پرانے قدیم نسخوں میں پنہاں ہوتا ہے، جسے وہ اپنی جلد کو نکھارنے اور جواں سال نظر آنے لے لیے باقاعدگی سے استعمال کرتی ہیں۔
مختلف ثقافتوں میں یہ قدیم اور آزمودہ نسخے نسل در نسل چلے آ رہے ہیں جنہیں آج بھی نہایت محفوظ اور پراثر تصور کیا جاتا ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کی مقبولیت اور استعمال میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

جاپان:

جاپان کی خواتین اپنی طویل عمر، خوب صورت، نرم و ملائم گوری جلد اور سیاہ بالوں کی وجہ سے کافی مشہور ہیں۔ اگرچہ جاپان کا شمار جدید ترقی یافتہ ممالک میں ہوتا ہے تاہم اب بھی بہت سی خواتین اپنی خوب صورتی کو برقرار رکھنے کے لیے صدیوں پرانے نسخوں کا سہارا لیتی ہیں۔ سبز چائے کا استعمال جاپانی خواتین میں بے حد مقبول ہے جو نہ صرف ان کی جلد کو صاف شفاف اور نرم و ملائم بناتی ہے بلکہ اسے لمبی اور صحت مند زندگی کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے۔ وٹامن سی کے استعمال کو جاپانی خواتین نہایت ہی مفید سمجھتی ہیں جو ان کی جلد کو گورا رکھتا ہے جس کے لیے سنگترہ کا بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے جو ان کی جلد کو Deoxiclize کرنے اور جلد کی سیاہی میلانن کو دور کرنے میں مدد دیتا ہے اس کے علاوہ جاپانی خواتین Azuki جسے عرف عام میں لال لوبیا کہا جاتا ہے کثرت سے استعمال کرتی ہیں۔ جو خوبصورتی کے لیے صدیوں پرانا قدیم نسخہ سمجھا جاتا ہے۔
لال لوبیا کے پیسٹ سے چہرہ کو نرمی سے رگڑا جاتا ہے جو چہرے کو نرم و ملائم اور داغ دھبوں سے پاک رکھتا ہے۔ جاپانی خواتین اپنے چہرے کے لیے کسی بھی دوسرے آئل کے بجائے Signature Oilیعنی خالص پودوں، خشک میوہ جات جیسے اخروٹ وغیرہ، بیجوں اور پھلوں سے نکالے گئے تیل کو ترجیح دیتی ہیں۔ جسے جلد کو پرکشش اور چمکدار بنانے کے لیے مفید سمجھا جاتا ہے۔ جاپانی خواتین کی خوبصورتی کا ایک اور راز Komenukarice Branچالوں کی بھوسی ہے یہ جاپانی خواتین کا صدیوں پرانا نسل در نسل چلنے والا قدیم اور مقبول نسخہ ہے، جسے فیشل سوپ کی جگہ استعمال کیا جاتا ہے۔ کیوں کہ اس میں مسلسل تمام ضروری اجزاء جیسے کہ فیٹی ایسڈز، وٹامن ای، لمپیکس، Tocopherols, اور Tocotrienols شامل ہوتے ہیں جو جلد کی جھریوں اور سیاہ حلقوں کو ختم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ یہ حیرت انگیز نسخہ یہ صرف جلد کے قدرتی روغن کو برقرار رکھتا ہے بلکہ جلد سے تمام گرد و غبار ہٹانے اور ایکسفولی ایٹ کرنے کے لیے بہتر سمجھا جاتا ہے۔ یہ قدیم نسخہ جاپانی عورتوں کا Common Sense کہلاتا ہے جس کے لیے ایک چمچ چاولوں کی بھوسی کو گرم پانی میں شامل کر کے پورے چہرے پر لگاتے ہیں اور پھر آہستگی سے رگڑ کر منہ دھو لیتے ہیں۔ اگر خشک جلد ہو تو اس میں Camellia Oil بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔

اٹلی:

اٹالین خواتین اپنی جلد کی چمک دمک کو برقرار رکھنے کے لیے گھریلو نسخوں کا استعمال کرتی ہیں۔ خاص طور پر اپنے بالوں کو صحت مند اور چمکدار بنانے کے لیے اٹالین خواتین دہی اور زیتون کے تیل کے مکسچر کو کنڈیشنر کے طور پر استعمال کرتی ہیں، دہی میں شامل پروٹین نہایت نرمی سے قدرتی غذائیت بخشتا ہے۔ ایک کپ سادہ دہی میں ایک چائے کے چمچ زیتون کے تیل کو مکس کر کے دھلے ہوئے گیلے بالوں پر لگایا جاتا ہے اور 5 منٹ لگا رہنے کے بعد بالوں کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیتے ہیں۔

فرانس:

فرانسیسی خواتین اپنی جلد کو پر کشش بنانے کے لیے قدرتی اور نہایت ہی سستا طریقہ استعمال کرتی ہیں جس کے لیے چیری اور انار کے بیجوں کو مسل کر ماسک کی طرح چہرے پر لگایا جاتا ہے اور تقریباً 6 منٹ کے بعد منہ کو دھو لیا جاتا ہے۔

روس:

روسی خواتین میں جلد کی خوبصورتی اور نرمی کو برقرار رکھنے کے لیے کافی اسکرب بے حد مقبول ہے اس کے علاوہ ان خواتین کی پرکشش جلد کا راز باقاعدہ مساج ہے جو جلد کو صاف شفاف اور نرم و ملائم رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
روسی خواتین اپنے جسم کو کافی اسکرب سے رگڑتی ہیں جس سے جسم کی بو ختم ہو جاتی ہے، جلد کے خلیے مضبوط ہوتے ہیں اور جلد پرکشش اور جواں سال دکھائی دینے لگتی ہے ۔ روسی خواتین اس نسخے کو Sauna یعنی بھاپ کا غسل لیتے وقت استعمال کرتی ہیں جو جلد کو بہترین طریقے سے ایکسفولیٹ کر کے تمام مردہ کھالوں کو اتار دیتا ہےجس سے جلد نرم اور تروتازہ نظر آتی ہے۔ آج کل یہ نسخہ دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبول ہو رہا ہے۔

انڈونیشیا:

انڈونیشیائی خواتین بھی اپنی خوبصورتی اور قدرتی حسن کے حوالے سے کسی سے کم نہیں ہیں، یہاں کی خواتین اپنی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لیے مالٹے استعمال کرتی ہیں۔ خوشبودار پھولوں کا غسل لیا جاتا ہے۔ جسم کو رگڑنے کے لیے قدرتی اجزاء سے بنے ہوئے اسکرب استعمال کئے جاتے ہیں۔ یہ روایتی باڈی اسکرب جب قدرتی اجزاء کا مکسچر ہوتا ہے ان میں دودھ، کافی، شہد، ناریل، جڑی بوٹیوں کی کریم، ایلوویرا، پپیتا، صندل کی لکڑی، چائے، اسٹرابیری، سمندری گھاس اور گاجر وغیرہ۔
ایروماتھراپی کے علاوہ جسم کو باقاعدگی سے اسکرب کیا جاتا ہے تاکہ جسم کو تمام ضروری قدرتی اجزا ملنے کے ساتھ ساتھ خون کا بہاؤ بھی بہتر ہو جائے، یہ نسخہ جلد کو نرم و ملائم اور خوشبودار بنانے میں مدد دیتا ہے۔

مصر:

قدیم مصر اپنی شاندار خوبصورتی، محسورکن پرفیوم، خوبصورت کپڑوں، جاذب نظر اسٹائل کی وجہ سے جانا جاتا ہے، لیکن قدرتی حسن اور خوبصورتی کے حوالے سے مصر کا نام سنتے ہی پہلی صدی عیسوی کی خوبصورتی کا افسانوی پیکر قلوپطرہ کا نام ذہن میں آتا ہے۔
قلوپطرہ کی خوبصورتی کا راز دودھ اور شہد کا استعمال تھا، جس سے وہ غسل کیا کرتی تھی۔ یہ دونوں قدرتی اجزاء جلد کو نرم و ملائم اور پر کشش بنانے کے لیے جادوئی اثرات مرتب کرتے ہیں۔ آج کل مصری خواتین اپنی جلد کو پرکشش بنانے کے لیے ایک چمچ باداموں کے پاؤڈر کو دو چمچ دودھ میں مکس کر کے اپنے چہرے پر استعمال کرتی ہیں جس سے جلد لچکدار، نرم و ملائم اور تروتازہ رہتی ہے۔

انڈیا:

انڈین خوا تین بھی اپنی خوبصورتی میں نکھار پیدا کرنے کے لیے صدیوں پرانے نسخوں کو ترجیح دیتی ہیں۔ آیورویدک کو کہ قدیم طبی نظام ہے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف قسم کے تیل جیسے کہ صندل، گلاب، خشخاش وغیرہ کو تجویز کرتا ہے۔ اس کے علاوہ صندل کا فیس پیک اپنی حیرت انگیز خصوصیات کی بنا پر انڈیا میں بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ انڈین خواتین اپنے لمبے گھنے بالوں کی وجہ سے مشہور ہیں۔ جنہیں خوبصورت بنانے کے لیے ناریل کے تیل کا بکثرت استعمال کرتی ہیں۔
ناریل کے تیل کو نیم گرم کر کے سر کی کھوپڑی کا مساج کیا جاتا ہے اور پھر دوسری صبح بالوں کو دھو لیا جاتا ہے، اس سے نہ صرف بالوں کی نشو نما میں اضافہ ہوتا ہے، بلکہ روکھے، بے رونق اور پتلے بال بھی مضبوط اور گھنے ہو جاتے ہیں۔

امریکہ:

امریکن خواتین کی خوبصورتی کا راز جوجوبا آئل ہے۔ امریکن خواتین اس تیل کو نہ صرف اپنی جلد پر استعمال کرتی ہیں بلکہ بالوں کو چمکدار بنانے کے لیے کنڈیشنر کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جوجوبا آئل کو غسل کے لیے پر اثر تیل تصور کیا جاتا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں