ضمنی انتخاب: عمران خان کے خلاف این اے 237 میں حکیم بلوچ کی کامیابی چیلنج

کراچی کے ضلع ملیر میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 237 کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی نے عمران خان کے مقابلے میں جیتنے والے پیپلز پارٹی کے حکیم بلوچ کی کامیابی کو چیلنج کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے این اے 237 کے ضمنی انتخاب میں حکیم بلوچ کی کامیابی چیلنج کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کے دوران بد ترین دھاندلی ہوئی ہے۔تحریکِ انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیرِ بحری امور علی زیدی نے حکیم بلوچ کی کامیابی کو چیلنج کرنے کے لئے درخواست دائر کردی ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں علی زیدی نے مؤقف اپنایا ہے کہ این اے 237 میں پیپلز پارٹی کارکنان نے جعلی ووٹ ڈالے۔ ہم نے دھاندلی کی شکایت الیکشن کمیشن سے کیں۔درخواست گزار علی زیدی نے سندھ ہائیکورٹ سے استدعا کی کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 237 میں دھاندلی سمیت دیگر شکایات پر شفاف تحقیقات کا حکم دیا جائے۔
علی زیدی نے درخواست میں سندھ حکومت اور حکیم بلوچ کو فریق بنایا ہے۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے حکیم بلوچ نے عمران خان کے 22 ہزار 493 ووٹوں کے مقابلے میں 10 ہزار 74 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں