Practical steps on COP-27's 'Loss and Damage' Fund are essential, Prime Minister

کوپ،27 کے ’لاس اینڈ ڈیمیج‘ فنڈ پر عملی اقدامات ضروری ہیں: وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے شرم الشیخ میں منعقدہ کوپ-27 کانفرنس میں پاکستان کی کامیاب موسمیاتی سفارت کاری پر متعلقہ اداروں اور بین الاقوامی شراکت داروں کی کاوشوں کو سراہنے کے لیے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ سیلاب سے بہت نقصانات ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے، ایک ہزار 800 اموات ہوئیں، زراعت، صنعت، لائیو اسٹاک، انفرااسٹرکچر سمیت 30 ارب ڈالر کے نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے والے تمام ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں کی جانے والی مدد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر بھی مخیر حضرات اور فلاحی اداروں نے متاثرین کی دل کھول کر مدد کی، اسی طرح تمام صوبائی حکومتوں بالخصوص سندھ اور بلوچستان کی حکومتوں نے متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے صوبائی اداروں کی کوششیں بھی قابل تعریف ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن اور وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کوپ-27 کے فورم پر پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں