عمران خان کی نااہلی کے خلاف لارجر بینچ بنانے کی سفارش

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کے فیصلے کے خلاف لارجر بینچ بنانے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سفارش کے ساتھ فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔ عمران خان کی الیکشن کمیشن سے توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد ساجد محمود سیٹھی نے شہری محمد جابر عباس کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن عدالت نہیں، کسی کو نااہل کرنے کا اس کے پاس اختیار نہیں ہے، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت، الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ اس دوران عدالت عالیہ نے درخواست گزار کی معاملے پر لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے لارجر بینچ کی سفارش کے ساتھ فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔

اپنا تبصرہ لکھیں