نرم و ملائم ہاتھ

کہا جاتا ہے کہ اگر کسی بھی عورت کی اصل عمر کا پتہ لگانا ہو تو اس کے ہاتھوں کو دیکھنا چاہیے خواتین زیادہ تر اپنے چہرے کا ہی خیال رکھتی ہیں، ہاتھوں اور پیروں کی حفاظت کو نظر انداز کر دیتی ہیں، جس کی وجہ سے ہاتھ چہرے سے زیادہ عمر رسیدہ نظر آتے ہیں۔

یاد رکھیں! ہاتھوں پر ظاہر ہونے والے داغ دھبے دراصل بڑھتی ہوئی عمر سے ہرگز نہیں ہوتے بلکہ یہ سورج کی شعاعوں کا نتیجہ ہوتا ہے۔ جس کی وجہ سے ہاتھوں کی جلد سکڑنے لگتی ہے، اس لئے جتنا ممکن ہو سکے اپنے ہاتھوں پر سورج کی روشنی براہ راست نہ پڑنے دیں، ہاتھوں پر دستانے پہنیں اور ایسی کریم اور لوشن کا استعمال کریں جن میں موئسچرائزنگ کی صلاحیت موجود ہو، اس کے علاوہ اعلیٰ قسم کا سن اسکرین یا سن بلاک ہاتھوں کی پشت پر لگائیں، خاص طور پر جب آپ ڈرائیونگ کر رہی ہوں۔ ہاتھوں کی اوپری جلد پر نمودار ہونے والی جھریاں اور لائنیں 90 سے 98 فیصد صرف سورج کی الٹراوائلٹ تیز شعاعوں کی وجہ سے ہوتی ہیں۔

ہاتھوں کی جلد بہت خشک ہوتی ہے بلکہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔ اس کی وجہ ہاتھوں کا بار بار دھونا، برتن اور کپڑے دھونے کے دوران دستانے کا نہ پہننا اور مختلف کیمیکل ڈٹرجنٹ کا استعمال کرنا ہے۔
اپنے ہاتھوں کی روزانہ رات کو سونے سے پہلے مالش کریں، ہاتھوں کی پشت پر لیموں ملیں اور موئسچرائزر کا استعمال بھی کریں، ہاتھوں کے خشک ہونے کی ایک وجہ گرم پانی کا استعمال بھی ہے۔

کوئی بھی تیز قسم کا کیمیکل استعمال کرتے وقت ربڑ کے دستانے ضرور پہنیں۔ اس طرح آپ کے ہاتھ اور ناخن بڑی حد تک محفوظ رہیں گے۔

روزمرہ کے کاموں میں ہاتھوں کی صفائی کا بھی معمول بنائیں، جتنی بار ہاتھوں کو دھوئیں اتنی ہی بار اپنے ہاتھوں پر کریم یا لوشن لگائیں جلد کے کینسر سے بچنے کے لئے ایسی کریم کا استعمال کریں جس میں SPF25 موجود ہو اور معیاری Hand Scrub ہاتھوں پر اپلائی کریں، اس کے لئے آپ کو چاہیے کہ سمندری نمک اور لیموں کے رس کو ملا لیں یہ بہترین Home Scrub ہے، اسے اپنے ہاتھوں کی پشت پر کسی برش کی مدد سے رگڑیں اس طرح جلد کے مردہ خلیات کا خاتمہ ہو گا اور ہاتھ کی جلد جاندار لگنے لگے گی۔ ہاتھوں کو نرم کرنے کے لئے زیتون کے تیل میں چینی ملا کر لگائیں۔

ہاتھوں کی اوپری جلد کا خراب ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ آپ کی ڈائٹ میں فیٹی ایسڈ کی کمی ہے، اس لیے اپنے کھانوں میں ایسی اجزاء کی مقدار بڑھائیں جن میں فیٹی ایسڈ پایا جاتا ہو، جیسے کہ مچھلی، سلاد، ڈرائی فروٹس وغیرہ اس کے علاوہ سنگترہ، آڑو، سرخ بیری، ہری بروکلی یہ تمام غذائیں سورج کی شعاعوں سے جھلس جانے والی جلد کی حفاظت کا کام انجام دیتی ہیں۔

ہاتھوں کی پشت پر ابھرنے والی لائنیں اس بات کی شاندہی کرتی ہے کہ آپ کی جلد شدید پانی کی کمی کا شکار ہے، دن میں کم از کم دو لیٹر پانی ضرور پئیں، جس سے آپ کے ہاتھوں پر موئسچرائزر کا لیول ہموار رہے گا، ایسی سبزیاں اور پھل استعمال کریں جس میں پانی کی مقدار پائی جاتی ہو جیسے کھیرا، ٹماٹر، تربوز وغیرہ۔ دو یا تین ابلے ہوئے آلو کو اچھی طرح چھیل کر میش کر لیں اور اس میں دودھ ملا کر ایک گاڑھا پیسٹ تیار کریں۔ پندرہ سے بیس منٹ تک ہاتھوں کی اوپری جلد پر لگائیں اور ہاتھوں کو دھونے کے بعد کوئی لوشن لگا لیں اس ماسک سے ہاتھوں کی جلد ٹائٹ ہونے کے ساتھ نرم ہو جائے گی۔ ایک گاجر کو باریک میش کر کے ایک کھانے کا چمچہ Sour کریم اور ایک کھانے کا چمچہ زیتون کا تیل شامل کر کے پیسٹ بنا لیں، پھر اس پیسٹ کو ہاتھوں کے اوپری جلد پر لگائیں اور پندرہ منٹ کے بعد ہاتھوں کو دھو کر بادام کا تیل ہاتھوں پر لگائیں روزانہ رات کو بادام کا تیل لگانے سے بھی جلد نرم و ملائم ہو جاتی ہے۔

گھر میں کام کرنے کی وجہ سے اکثر خواتین کے ناخن ٹوٹ جاتے ہیں ان کو چاہیے کہ جب ناخن لمبے ہونے لگیں تو انہیں لیموں کے رس میں ڈبو دیں اس طرح ناخن مضبوط ہو جائیں گے اور ٹوٹیں گے بھی نہیں۔ ناخنوں کی رنگت اگر خراب ہونے لگے تو ایک گرم پیالے پانی یا دودھ میں ایک کھانے کا چمچہ لیموں کا عرق ملا کر اس میں ناخن دھوئیں، اس سےناخنوں کی رنگت میں نکھار آ جائے گا۔ اس کے علاوہ ناخنوں کو چمکدار بنانے کے لئے لہسن یا لیموں کا رس لگائیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں