اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اختلافات کا حل نکالنے کی کوشش کر رہا ہوں، صدر مملکت۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک کو مضبوط اور مؤثر اداروں کی ضرورت ہے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک ساتھ بٹھا کر ان کے اختلافات کا حل نکالنے کی کوشش کر رہا ہوں۔

ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گورنر ہاؤس لاہور میں مقامی صحافیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ میں شدید تر ہوتے سیاسی عدم استحکام کو دیکھتے ہوئے ذاتی حیثیت میں کوشش کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک ٹیبل پر بٹھا کر اہم مسائل پر ان کے اختلافات جمہوری انداز میں حل کرانے کی کوششیں ذاتی حیثیت میں تاحال کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی افراتفری ختم کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے اور ان کی کوششوں سے کسی حد تک اثر پڑا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو مضبوط اور مؤثر اداروں کی ضروت ہے اور ان کو مضبوط کرنے اور آئین کے مطابق انہیں بہتر کارکردگی دکھانے کے قابل بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر بیٹھ سکتے ہیں اور متفقہ طور پر اگلے انتخابات کی تاریخ طے کرسکتے ہیں، جو آزادانہ، شفاف اور غیرجانب دار ہوں اور اس سے امید ہے کہ سیاسی درجہ حرارت کم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیک ہولڈرز کو انتخابات میں شفافیت کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر مذاکرات کا بھی سوچنا چاہیے۔

اپنا تبصرہ لکھیں