موسم گرما کا بیوٹی پلان

ہر نیا موسم انسانی جلد اور بالوں پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے مثلاً موسم سرما میں خشک جلد والی خواتین پریشان رہتی ہیں، کیونکہ خشک ہوا کے تھپیڑے ان کی جلد کو مزید خشک بنا دیتے ہیں اگر مناسب دیکھ بال نہ کی جائے تو بال بھی روکھے اور بے رنگ ہو جاتے ہیں اور جھڑنے لگتے ہیں، بالکل اسی طرح موسم گرما میں اگر جلد کی بناسب نگہداشت نہ کی جائے تو وہ سورج کی تیز شعاعوں کے سبب مرجھا جاتی ہے۔ ہونٹ خشک اور بال بے رونق دکھائی دیتے ہیں۔ چکنی جلد کی حامل خواتین موسم گرما سے خصوصی طور پر ناراض رہتی ہیں کیونکہ Oily Skinہونے کے سبب انہیں پورے موسم میں کیل مہاسوں اور دانوں سے دوچار ہونا پڑتا ہے، لیکن اب ان کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ اس بیوٹی پلان کے ذریعے وہ اپنے حسن کو چار چاند لگا سکتی ہیں۔

خوراک

گرمیوں میں سبزیوں کا خوب استعمال کریں۔ گاجر، کھیرا، ککڑی، مولی، سرسوں، شلجم غرض ہر سبزی اپنے اندر غذائیت کاخزانہ سموئے ہوئے ہے۔ سلاد میں خوب کچی سبزیاں استعمال کریں صبح کا آغاز ہلکی خوراک سے کریں انڈا، دودھ، شہد، پھل، جوس، مکھن، دلیہ اور ساگودانہ کا استعمال آپ کو دن بھر تروتازہ اور چست رکھتا ہے۔ کیل مہاسوں اور پھوڑے پھنسیوں سے بچنے کے لیے مرغن اور تیل مصالحے والی غذا سے حتی الامکان پرہیز کریں، پانی آپ کی جلد کو صاف، شفاف اور چمکدار بنانے کے لیے ٹانک کا کردار ادا کرتا ہے، لہٰذا روزانہ کم از کم آٹھ گلاس پانی ضرور پئیں، دہی کا استعمال روزانہ کریں، دہی میں سلاد شامل کر دیا جائے تو اس کا مزا دوبالا ہو جاتا ہے اور فوائد بھی۔

غسل

موسم چاہے سرما کا ہو یا گرما کا روزانہ غسل آپ کو صحت مند اور چاک و چوبند رکھے گا بچوں میں بھی روزانہ نہانے کی عادت ڈالیں تا کہ وہ صحت مند رہیں۔ گرمیوں میں پانی کا استعمال عام موسموں کے مقابلے میں دگنا کر دیں۔ پانی کا استعمال صرف پینے کے لیے ہی نہ ہو بلکہ نہانے اور بار بار ہاتھ منہ دھونے کے لیے بھی استعمال کریں اگر وقت ہو تو صبح کا آغاز غسل کر کے کریں۔ نہانے کے پانی میں چند پتے گلاب اور موتیا کے ملا لیں اور پھر غسل کریں تو آپ کا پورا دن تروتازہ گزرے گا۔ ہفتے میں ایک مرتبہ نہانے کے پانی میں ڈیٹول ملا لیں اس سے آپ بے شمار جراثیم کے حملوں سے محفوظ رہیں گی۔ نہانے سے پہلے نمک سے پورے جسم پر ہلکے ہاتھوں سے مساج کریں اس سے ایک تو آپ پورا دن خود کو تروتازہ محسوس کریں گی دوسرے نمک کے استعمال سے آپ کے جسم میں دلکشی پیدا ہو جائے گی اور معمولی پھوڑے پھنسیوں سے آپ کی جلد محفوظ رہے گی۔ یعنی صرف ایک منٹ صرف کر کے نا صرف آپ اپنی جلد کو خوبصورت بنا سکتی ہیں بلکہ اس میں مزید دلکشی اور نرمی بھی پیدا کر سکتی ہیں۔

لباس

لباس آپ کی شخصیت کا آئینہ دار ہوتا ہے لباس کا انتخاب ہمیشہ موقع محل کی مناسبت سے کریں۔ اپنی رنگت، عمر، موسم، وقت (دن، رات) اور تقریب کی نوعیت کو بھی مدنظر رکھیں موسم گرما میں دھیمے رنگ آنکھوں کو بھاتے ہیں ہلکے رنگ کے سوٹ کے ساتھ قدرے شوخ رنگ کے دوپٹے جچتے ہیں گلابی، نیلے، سنہرے رنگ کے تمام شیڈز بھلے لگتے ہیں۔ گرمیوں میں ہلکی جیولری اچھی لگتی ہے۔ اونچے جوڑے اور نت نئے ڈیزائن کے کلپ بالوں میں استعمال کریں۔ اس موسم میں دن میں ہلکے جبکہ شام کی تقریبات کے لیے قدرے شوخ رنگ استعمال کریں۔

جلد کی حفاظت

گرمیوں میں جلد کی دیکھ بھال خاص طور پر کرنی چاہیے۔ اس موسم میں اکثر خواتین کو جلد غنودگی ہو جانے کی شکایت رہتی ہے۔ چکنی اور ملی جلی جلد گرمیوں میں حساس ترین ہو جاتی ہے اس کا بہترین علاج یہ ہے کہ آپ چہرے کو صابن سے بار بار دھونا چھوڑ دیں۔ بیسن میں سنگترے کے خشک چھلکوں کا پاؤڈر اور عرق گلاب ملا لیں اور دن میں ایک مرتبہ اس سے منہ دھوئیں ٹماٹر کا استعمال موسم گرما میں ٹانک کا درجہ رکھتا ہے ٹماٹر کا ماسک آپ کے چہرے کو حسین بنانے میں مددگار ثابت ہو گا۔ ماسک تیار کرنے کے لیے تازہ ٹماٹروں کا رس نکالیں اور اس میں اسی مقدار میں جو کا آٹا اور چند قطرے لیموں کا رس ملائیں اب روزانہ اس ماسک کو اپنے چہرے پر لگائیں۔ (ماسک ہر روز نیا اور تازہ تیار کریں) جلد نکھر جائے گی اور چہرے کی چکناہٹ میں کمی واقع ہو گی۔ گاجر کا ماسک بھی جلد کی حفاظت کرتا ہے آپ حسب ضرورت گاجروں کو پیس کر ان کا رس نکال لیں اس میں تھوڑا دودھ اور انڈے کی زردی ملا لیں۔ چہرے پر ماسک کی طرح لگائیں۔ پندرہ منٹ بعد چہرہ دھو لیں یہ ماسک چہرے کی بے رونقی دور کرتا ہے اور اسے چمکدار بناتا ہے۔

ہونٹ اور قدرتی سرخی

ہونٹوں کی خوبصورتی اور گلابی پن برقرار رکھنے کے لیے ہر وقت ویسلین کی تہہ جمائے رکھیں تا کہ یہ خشک نہ ہونے پائیں گائے کا کچا دودھ روزانہ ہونٹوں پر لگائیں، دودھ کی ملائی میں نمک ملا کر ہونٹوں پر ملیں، گرمیوں میں Mate لپ اسٹک استعمال کریں۔

گردن کا خیال

گرمیوں میں گردن کی صفائی اور خوبصورتی کا خاص خیال رکھیں۔ آٹے کی بھوسی میں چھاچھ ملا کر گردن اور چہرے پر لیپ کریں۔ پندرہ منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔ ہر قسم کی جلد کی خواتین یہ عمل کر سکتی ہیں۔

ہاتھوں پر بھی نظر

موسم گرما میں ہاتھوں، بازوؤں اور کہنیوں کی بھی مکمل حفاظت ضرورتی ہے۔ پانی کا کام کرتے وقت چمڑے کے دستانے پہن لیں کام ختم ہوتے ہی ہاتھوں اور پیروں کو تولیے سے خشک کریں اور اچھی معیاری کمپنی کا ہینڈ لوشن استعمال کریں۔ عرق گلاب اور گلیسرین کو ہم وزن لے لیں اس میں چند قطرے لیموں کا رس شامل کریں جب بھی فارغ ہوں روئی کی مدد سے ہاتھوں، بازوؤں اور کہنیوں پر لگائیں دھوپ سے جھلسی جلد صاف ہو کر نکھر اٹھے گی۔

پاؤں کی حفاظت

سورج کی تپش اور تیز و تند شعاعوں کے سبب گرمیوں میں پاؤں کالے اور بدنما ہو جاتے ہیں۔ دن کے وقت باہر نکلتے وقت موزے استعمال کریں اور دن میں کم از کم دو بار صابن سے پاؤں دھو کر ان پر کوئی موئسچرائزر لگا لیں خاص طور پر رات کو سوتے وقت یہ کام ضرور کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ مہینے میں دو بار پیڈی کیور کرنا بھی ضروری ہے پیڈی کیور آپ گھر میں باآسانی کر سکتی ہیں پاؤں کی انگلیوں کے ناخن کو تراشنے کے بعد نیم گرم پانی میں 15 سے 20 منٹ بھگو لیں۔ پانی میں تھوڑا سا شیمپو اور ڈیٹول کے چند قطرے اور چقندر کے ایک دو پیس تھوڑا سا لیمن جوس اور چند قطرے بادام کا تیل ملا کر پاؤں ڈبو دیں اس طرح پاؤں کی ساری تھکن جاتی رہتی ہے اور پاؤں کی رنگت بھی نکھر جاتی ہے 15 سے 20 منٹ کے عمل کے بعد پاؤں کو تولیے کی مدد سے صاف کر لیں، پھر کیوٹیکل کٹر سے کیوٹیکل نکالیں یعنی ناخنوں کے اردگرد مردہ کھال کو کریم لگا کر نکالیں اس کے بعد ناخن کو ٹشو پیپر کی مدد سے صاف کر کے فیٹ کریم سے پاؤں کا مساج کریں اس کے بعد تولیے کی مدد سے صاف کر لیں اس طرح آپ کے پاؤں صاف و شفاف ہو جائیں گے۔

اپنا تبصرہ لکھیں